بات بات میں فرق
کہتے ہیں کسی بادشاہ نے خواب دیکھا کہ اس کے سارے دانت ٹوٹ کرگر پڑے ہیں – بادشاہ نے خوابوں کی تعبیر و تفسیر بتانےوالے عالموں کو بلوا کر اس نے اپنا خواب سنایا-مفسر نے خواب سن کر بادشاہ سے پوچھا :بادشاہ سلامت کیا آپ کو یقین ہے کہ آپ نے یہی خواب دیکھا ہے ؟بادشاہ نے جواب دیا :ہاں میں نے یہی خواب دیکھا ہے -مفسر نے لا حول ولا قوۃ الا باللہ پڑھا اور بادشاہ سے کہا ؛بادشاہ سلامت اس کی تعبیر یہ بنتی ہے کہ آپ کے سارے گھر والے آپ کے سامنے مریں گے -بادشاہ کا چہرہ غصہ کی شدت سے لال ہو گیا-بادشاہ نے دربانوں کو حکم دیا کہ اس مفسر کو جیل میں ڈال دے- اور کسی دوسرے مفسر کا بندوبست کریں
-دوسرے مفسر نے آ کر بادشاہ کا خواب سنا اور کچھ ویسا ہی جواب دیا اور بادشاہ نے اسے بھی جیل میں ڈال دینے کا حکم دیا- تیسرے مفسر کو بلوایا گیا ِ،بادشاہ نے اسے اپنا خواب سنا کر تعبیر جاننا چاہی- مفسر نے بادشاہ سے پوچھا ؛بادشاہ سلامت ،کیا آپ کو یقین ہے کہ آپ نے یہی خواب دیکھا ہے؟بادشاہ نے کہا ؛ہاں مجھے یقین ہے میں نے یہی خواب دیکھا ہے -مفسر نے کہا؛ بادشاہ سلامت تو پھر آپ کو مبارک ہو- بادشاہ نے حیرت کے ساتھ پوچھا ؛کس بات کی مبارک ؟مفسر نے جواب دیا؛ بادشاہ سلامت، اس خواب کی تعبیریہ بنتی ہے کہ آپ ماشاءاللہ اپنے گھر والوں میں سب سے زیادہ لمبی عمر پائیں گے
– بادشاہ نے مزید تعجب کے ساتھ مفسر سے پوچھا ؛کیا تمہیں یقین ہے کہ اس خواب کی یہی تعبیر بنتی ہے؟ مفسر نے جواب دیا ؛جی بادشاہ سلامت ،اس خواب کی بالکل یہی تعبیر بنتی ہے- بادشاہ نے خوش ہو کر مفسر کو انعام کے ساتھ رخصت کیا -سبحان اللہ، کیا اس بات کا یہی مطلب نہیں بنتا کہ اگر بادشاہ اپنے گھر والوں میں سب سے زیادہ لمبی عمر پائے گا تو اس کے سارے گھر والے اس کے سامنے ہی وفات پائیں گے ؟جی مطلب تو یہی بنتا ہے مگر بات بات میں فرق ہوتا ہے

=============